وکلاءسے تنازعات افہام و تفہیم سے حل کئے ،یہ کسی کی ہار یہ جیت نہیں ،چیف جسٹس منصور علی شاہ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ بار اور بنچ میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے،سپروائزی کمیٹی کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا ، کسی کی ہار یا جیت کا تاثر بالکل غلط ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائی کورٹ با ر ایسو سی ایشن کے عہدیداروں کی دعوت پر بار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر ترین جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈارسمیت لاہور پرنسپل سیٹ پر کام کرنے تمام جج صاحبان بھی فاضل چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔ لاہور ہائی کورٹ بار پہنچنے پر بار کے صدر رانا ضیاءعبد الرحمان، نائب صدر سردار طاہر شہباز خان اور سیکرٹری انس غازی سمیت وکلاءکی بڑی تعداد نے فاضل جج صاحبان کا استقبال کیا۔ فاضل چیف جسٹس اور جج صاحبان نے وکلاءکے ہمراہ بار کے جناح لاونج میں چائے نوش کی ۔ بعدازاں چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے رانا ضیاءعبد الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بار اور بنچ میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، مستقبل میں وکلاءکے خلاف شکایا ت سننا صرف چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا اختیا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سپروائزی کمیٹی کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا گیاہے، کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوئی بلکہ یہ صرف ادارے کی فتح ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کے وسیع تر مفاد میں بار اور بنچ کو گفتہ و شنید کا عمل جاری رکھنا ہوگا ، اس سے عدلیہ مضبو ط ہوگی اور یہ ادارہ ترقی کرے گا۔فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے لاہور کے وکیل کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پر پنجاب بار کونسل قانون کے مطابق کارروائی کرے گی اور اس حوالے سے جاری عبوری حکم واپس لے گی۔اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر رانا ضیاءعبد الرحمان کا کہنا تھا کہ تاریخی حیثیت کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو لیگل پرےکٹنیشنر اےنڈ بار کونسلز اےکٹ کے سےکشن 54 کے تحت کسی بھی وکیل کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے اور مستقبل میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ہی اس اختیار کو استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ میں کوئی تنازعہ نہیں تھا اور سپروائزی کمیٹی کے حوالے سے مذکورہ مطالبہ صرف لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کا ہی نہیں بلکہ پورے پنجاب کے وکلاءکا مطالبہ تھا، انہوں نے کہا کہ وکلاءکے مطالبے پر ہمدردانہ غورکرنے اور وکلاءکے معاملات کے حوالے سے بنائی گئی سپروائزی کمیٹی کے معاملے کو ڈائےلاگ سے حل کر نے پر تمام وکلاءچیف جسٹس لاہو رہائی کورٹ کے مشکور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بار اور بنچ کا بنیادی مقصد سائلین کو ریلیف مہیا کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کےلئے صوبے بھر کی تمام بار ایسو سی ایشنز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصو رعلی شاہ اور انکی ٹیم سے تعاون جاری رکھیں گی۔