تحریک انصاف کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی

لاہور

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ڈونلڈٹرمپ کا امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کیخلاف قرارداد جمع کرادی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کے بعد مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ۔

تحریک انصاف امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قراردادلے آئی

حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے اس فیصلے نے پوری امت مسلمہ کی توہین کی ہے،امریکہ کی یہودیت نواز پالیسی پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے،سلامتی کونسل ،عرب لیگ سمیت تمام اسلامی ممالک کو یکجا ہونے کا وقت آگیا ہے۔حنا پرویز بٹ کی طرف سے جمع کرا ئی گئی قراداد میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ اور یورب اسرئیل کی زبان بول رہے ہیں، پوری امت مسلمہ پر امریکہ کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اس فیصلے کا فوری نوٹس لے، اسلامی ممالک فوری طور پر اسلامی ممالک کی عالمی کانفرنس طلب کریں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے  کیا جائے۔

ڈیلی پاکستان کا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کے لیے یہاں کلک کریں