وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاعمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانہ کا دعویٰ ،عدالت نے نوٹس جاری کردیا
لاہور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاناما پیپرز میں اربوں روپے کی پیشکش کا الزام لگانے پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانہ کا دعویٰ دائر کردیا۔
سول جج اظفر سلطان نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21جولائی کوجواب طلب کر لیاہے۔سول عدالت میں شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانہ کی درخواست پر سماعت کی۔شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاناماپیپرز کے معاملے پر شہباز شریف کی جانب سے 10ارب روپے کی پیشکش کا شہباز شریف پر بے بنیاد الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کر کے قوم کو گمراہ کیا، سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے شہباز شریف کی کردار کشی کی،مصطفی رمدے نے شہباز شریف کی جانب سے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کی کردار کشی کرنے پر عدالت عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے کی ڈگری جاری کرے جس پر عدالت نے عمران خان کو 21جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عدالتی سماعت کے بعد مصطفی رمدے ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا الزام جھوٹ پر مبنی ہونے کے باعث عدالت سے رجوع کیا گیا، معاملہ عدالت کے پاس ہے ،عمران خان کو نوٹس ہونا انصاف کا تقاضا ہے۔