قمر زمان کائرہ کینسر میں مبتلا بانی کارکن حکیم سعید کی عیادت کیلئے پہنچ گئے، علاج کے اخراجات اٹھانے کا اعلان

لاہور

لاہور (ویب ڈیسک) بالآخرپاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت حرکت میں آگئی، پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کینسر میں مبتلا بانی کارکن کی عیادت کے لئے ان کے گھر پہنچ گئے۔ مالی معاونت کے ساتھ ساتھ حکیم سعید کے علاج کے تمام تر اخراجات پارٹی کی طرف سے اٹھائے جانے کا اعلان کردیا۔

قمر الزمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکیم سعید پیپلزپارٹی کا سرمایہ ہے اور ایسے لوگ پارٹیوں میں کم ملتے ہیں لیکن مجھے دکھ ہے کہ ہماری لاہور کی قیادت نے آج تک حکیم سعید بارے نہیں بتایا جو کام ہماری لاہور کی لیڈر شپ نے کرنا تھا کام میڈیا نے کیا۔ قمر الزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ حکیم سعید بی بی شہید کے جیالے کارکنوں میں سے ہیں جس نے بحالی جمہوریت کی خاطر اپنے آپ کو آگ لگادی، انہوں نے اہلخانہ سے شکوہ بھی کیا کہ اگر لاہور کی قیادت آپ کی بات نہیں سن رہی تھی تو آپ مرکزی قیادت کے علم میں یہ بات لاتے۔ اس موقع پر قمرالزمان کائرہ نے اعلان کیا کہ حکیم سعید کے علاج معالجے کے تمام تر اخراجات پارٹی اٹھائے گی اور اس کے بیٹے کو پرائیویٹ سیکٹر میں نوکری دینے کا بھی اعلان کیا جس پر حکیم سعید کی اہلیہ آبدیدہ ہوگئیں۔

روزنامہ خبریں کے مطابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے پارٹی اور بی بی شہید کی خاطر اپنی جان کی بازی لگادی جس کی وجہ سے وہ آج تک بستر مرگ پر پڑا ہے، آج تک کسی نے اس کی بیمار پرسی نہیں کی، ہماری جمع پونجی ان پر لگ گئی ہے آج تک ہم اپنا گھر نہیں بناسکے جس پر قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا مجھے دکھ ہورہا ہے لیکن میں یہ سارے معاملات چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے علم میں لاﺅں گا، ایسے کارکنون کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جس پر حکیم سعید کے بیٹے احمد سعید نے قمر الزمان کائرہ کا شکرہ ادا کیا۔