تعلیمی اصلاحات کے لئے خیبر پختونخواہ حکومت پنجاب کے ماڈل پر عمل درآمد کر رہی ہے:رانا مشہود
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر تعلیم پنجا ب رانا مشہود احمد خا ن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت سکول ایجوکیشن تعلیم کی بہتری کیلئے پنجاب کے کامیاب ماڈل پر عمل درآمد کر رہی ہے جو کہ ایک خوش آئند امر ہے کیونکہ تعلیمی میدان میں یہ صحت مند مسابقت ہے اور سرکاری تعلیمی اداروں میںعدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب پورے ملک میں پہلے نمبر پر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر قیادت تعلیم کے شعبہ میں جامع اصلاحات متعارف کرائی کی گئی ہیں جن کے دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حاضری کی شرح 76فیصد سے بڑھ کر98فیصد اور اساتذہ میں حاضری کی شرح 72فیصد سے بڑھ کر 96فیصد ہو گئی ہے۔
اسحاق ڈار برطانیہ میں سیاسی پناہ لے سکتے ہیں: مجیب الرحمان شامی
غیر سرکاری ادارے الف اعلان کی جانب سے پاکستان ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریکنگ 2017رپورٹ کے اجرا ءکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب میں طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے جس سے جنوبی پنجاب میں بچیوں کے تعلیمی اداروں میں داخلہ کی شرح میں 37فیصد اضافہ ہوا ہے اور داخلہ کے بعد طالبات میں تعلیمی ادارہ چھوڑنے کے رحجان کا خاتمہ ہواہے اور جنوبی پنجاب میں زیور تعلیم پروگرام کے تحت طالبات کو 1000روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کی حکومت اساتذہ کی تر بیت کیلئے ترکی اور ملائشیا کے ماڈل پر کام کر رہی ہے ، تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ، ٹویٹا کے علاوہ سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی آٹھویں جماعت سے طلبہ کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دینے کی منصوبہ کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی تعلیمی اصلاحات کے نتیجہ میں طلباءاور طالبات میں امتحانات میں کامیابی کا تناسب 81فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور مظفر گڑھ اور رحیم یارخان جسے پسماندہ علاقوں میں سکول سواری پروگرام کے تحت طالبات سائیکلوں پر سکو ل جا رہی ہیں ۔
اس موقع پر سابق گورنر بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ محمد عاطف خان، سینیٹر عائشہ رضا فاروق، سابق پرنسپل سیکرٹری نرگس سیٹھی، پاکستان میں ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ (Joanna Reed) اور رکن فیڈرل پبلک سروس کمیشن نرگس سیٹھی اور دیگر بھی موجود تھے۔