میراٹارگٹ میچ نہیں، صوبائی وزیر زعیم قادری علماءتھے: گرفتار خود کش حملہ آور کا انکشاف

لاہور

لاہور(ویب ڈیسک) عامر ہوٹل سے گرفتار خود کش حملہ آر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ٹارگٹ ورلڈ الیون نہیں، صوبائی وزیر زعیم قادری اور علماءکرام تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کے قریب واقع عامر ہوٹل کے پاس سے گرفتار خود کش حملہ آور نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اس کا ٹارگٹ عامر ہوٹل میں پریس کانفرنس کرنے والے صوبائی وزیر زعیم قادری اور جمعیت علماءاسلام س کے علما کرام تھے۔

واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاعات مل رہی تھیں کہ دہشتگرد تنظیمیں لاہور میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہی ہیں جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کل سول سیکرٹریٹ کے قریب واقع عامر ہوٹل کے پاس سے ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے خود کش جیکٹ بھی برآمد کرلی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ دہشتگرد کی گرفتاری کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کرکے اس کے باقی ساتھیوں کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب پولیس اور سی ٹی ڈی ن ے گزشتہ روز شہربھر کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاﺅسز میں دوبارہ چیکنگ کی۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس نے نولکھا لوئر مال، ساندہ، گلبرگ، ریلوے سٹیشن، بھاٹی گیٹ، ٹاﺅن شپ، جوہر ٹاﺅن اور دیگر علاقوں میں کڑی نگرانی اور چیکنگ کی۔