بنکنگ عدالت بہاولپور کے جج نے اگلے روز کے مقدمات ایک دن پہلے ہی نمٹا دئیے‘ جواب طلب

لاہور

لاہور (ویب ڈیسک) بنکنگ کورٹ کے جج نے اگلے روز زیرسماعت آنے والے مقدمات کو ایک دن پہلے نمٹا کر نئی مثال قائم کر دی تاہم ہائیکورٹ کے علم میں معاملہ آنے پر جج کی اس کارگزاری کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مذکورہ جج سے جواب طلب کرلیا گیا۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق بنکنگ کورٹ بہاولپور کے جج اے آر نے 22 جون کو دو گھنٹے میں 22 جون اور 23جون والی پیشی لسٹ کے مقدمات کی سماعت کرکے آئندہ کی تاریخیں دے کر خود چھٹی کرکے اسلام آباد چلے گئے۔  مذکورہ جج نے دوبارہ 26 جولائی کو عدالت میں کام شروع کیا لیکن 23 جون کو بھی عدالت میں حاضری لگائی گئی۔ 3 جولائی کو فاضل جج عدالت سے چھٹیاں لیکر امریکہ چلے گئے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے بہاولپور کے طارق جاوید نامی شہری نے ہائیکورٹ کو مراسلہ بھیجا جس میں تمام تفصیلات کا ذکر کیا گیا جس پر ہائیکورٹ کے ڈی جی کمپلینٹ نے معاملے کی انکوائری کرتے ہوئے مذکورہ جج سے جواب طلب کرلیا ہے۔