سندھ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ٹاپ کرنے والی طلبہ کو حکومت پنجاب کی کال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ٹاپ کرنے والی طلبہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے یورپ ٹرپ کیلئے دعوت نامہ موصول ہوگیا ۔ اِس حوالے سے حکومت پنجاب نے خود براہ راست طلبہ سے رابطہ کیا جسے کی تصدیق طلبہ نے بھی کی ہے۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب ذہن طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ملک بھر سے پوزیشن ہولڈز ٹاپ کرنے والوں کے اعزاز میں لاہور میں تین روزہ شاندار و پُرتپاک تقریب کا انعقاد کر چکی ہے ،جس میں حکومت کی جانب سے یورپ کے ٹرپ کے علاوہ فی کس چار لاکھ انعامی رقم کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ذہین و ہونہار طلباء طالبات کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی کو سود مند سرمایہ کاری تصورکرتی ہے، جب کہ انہیں دنیا بھر میں بدلتے ہوئے حالات سے آگاہی دینے کے پروگراموں کیلئے بھی اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی جسکا دائرہ کار پاکستان بھر تک پھیلا دیا گیا ہے۔
سماجی رابطہ کے ویب سائیٹس پرمعروف شخصیات سمیت عوام کی جانب سے بھی شہباز شریف کے اِس اقدام کو احسن قرار دے کر ہر سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب مقامی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہاہے ،جنہوں نے طلبا و طالبات کو یکسر نظرانداز کر رکھا ہے ۔