مال روڈ پر جلسے جلوس روکنے کے عدالتی فیصلے پر عمل کیوں نہیں ہورہا،ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا

لاہور

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر احتجاج، جلسے،جلوسوں اور ریلیوں پرپابندی کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیاہے۔

پی ایس ایل کھیلنے والے چار کھلاڑیوں کو انگلینڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے طلب کر لیا

جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزارشیراذ ذکاءنے موقف اختیار کیا کہ مال روڈ پر کسی قسم کے جلوس نکالنے،احتجاج یا دھرنا دینے کے خلاف دفعہ 144 نافذ ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت عالیہ کی جانب سے بھی مال روڈ پر احتجاج کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے مگر اس کے باوجود مال روڈ پر احتجاج دھرنا،جلسے ،جلوس کرنا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مال روڈ پر پابندی کے باوجودڈرگ ڈیلرز کے احتجاج کے سبب لاہور میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ مال روڈ پر احتجاج قوانین اور عدالتی فیصلے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت مال روڈ پر جلسے ،جلوسوں اور احتجاج کو روکنے کے حوالے سے جاری شدہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب اور دیگر فریقین کو 11اپریل کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔