انسپکٹر کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا تھپڑ ،سیاسی لاءافسروں کو فارغ کیا جائے:ہائی کورٹ میں درخواست
لاہور(نامہ نگار خصوصی )ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل (اب سابق )خاور اکرام بھٹی کے پولیس افسر کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کی بنیاد پر ایڈووکیٹ جنرل آفس کے سرکاری وکلاءکی مسلم لیگ (ن)کی ریلیوں میں شرکت کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیاہے، عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ آئینی آفس میں سرکاری وکلاءکی تعیناتیوں کے لئے کوئی قانونی طریقہ کار وضع ہونا چاہیے۔
چودھری شعیب سلیم اور نثار سیکھو ایڈووکیٹ نے اس سلسلے میں دائر اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس میں سیاسی بنیادوں پر لاءافسرتعینات کئے گئے ہیں جو ریاست کی بجائے سیاسی جماعت کے مفادات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں،ان لاءافسروں کی تعیناتی کا کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے یہ لاءافسرسیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں، تنخواہ اور مراعات عوام کے ٹیکسوں سے لیتے ہیں لیکن ریاست کے مفادات کا تحفظ نہیں کرتے۔اسی وجہ سے گزشتہ دنوں سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خاور اکرام بھٹی نے پولیس افسر کو تھپڑ مارا، کسی سرکاری وکیل کا پولیس افسر کو تھپڑ مارنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، اس اقدام سے ایڈووکیٹ جنرل کے آئینی آفس کی توہین ہوئی، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر سیاسی جماعت میرٹ سے ہٹ کر منظور نظر وکلاءکو لاءافسر تعینات کرتی ہے۔