طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ لوگوں کا احتجاج‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ موبائل فون کے ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشن

طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ لوگوں کا احتجاج‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ موبائل فون کے ٹارچ ...
طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ لوگوں کا احتجاج‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ موبائل فون کے ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آئی این پی) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے شدید احتجاج کیا جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار بھی شدید متاثر رہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بجلی کی بندش کے باعث سرجنز نے موبائل فون کی ٹارچ کی روشنی میں 16 آپریشن کئے جبکہ ہسپتال کے جنریٹر بھی بند تھے۔

تفصیلات کے مطابق ادھر خیبر پی کے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے سبب ہسپتال انتظامیہ اندھیرے میں آپریشن کرنے پر مجبور ہوگئی۔ موبائل فون کے ٹارچ کی روشنی میں مریضوں کی جراحی کی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں لوڈ شیڈنگ کے سبب سرجنوں نے 16 آپریشن موبائل کی ٹارچ کی روشنی میں کیے۔ بجلی بند ہونے اور ہسپتال کے جنریٹرز بھی نہ چلنے کے باعث ہسپتال انتظامیہ یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئی۔ انتظامیہ کے مطابق مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ انتہائی قدم اٹھا یا گیا اور اس نازک صورتحال میں 11 بڑے اور 5 معمولی نوعیت کے آپریشن کیے گئے۔ صوبائی مشیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور تحقیقات کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو تاحال موصول ہونے والی معلومات کے مطابق بجلی جانے کے بعد جنریٹر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں بجلی جانے کی صورت میں متبادل توانائی کے ذرائع کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔

پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل کریں ، خدمات فراہم کرنے کو تیار ہیں : بانکی مون کا نواز شریف کے خط کا جواب

ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے پاس بجلی کی دو لائنیں ہیں۔ کبھی کبھی دونوں جانب بجلی نہیں ہوتی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے نوٹس لیتے ہوئے تمام ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں جنریٹرز کی فراہمی اور فیول کے پیسے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ہسپتال حکام نے آپریشن تھیٹر کی تصاویر جاری کرنے پر انکوائری شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ لیسکو میں بجلی کا خسارہ 1 ہزار میگاواٹ کے قریب رہا۔ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ بجلی کا خسارہ کم ہونے کے باوجود لیسکو شیڈول لوڈشیڈنگ نہیں کر رہی۔ مختلف علاقوں میں فورس لوڈشیڈنگ کی گئی۔ شہر میں اضافی بجلی بند ہونے پر احتجاج بھی کیا گیا۔ حافظ آباد میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس سے نہ صرف شہریوں کے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پاور لومز انڈسٹری بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

مزید :

لاہور -