امریکی قونصلیٹ نے ’ انگلش اکسیس مائیکرو سکالر شپ پروگرام ‘شروع کرادیا

لاہور

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی قونصلیٹ نے پاکستانی طلبہ کیلئے ” انگلش اکسیس مائیکرو سکالر شپ پروگرام “ (Access) شروع کرادیا ہے جس میں 180 طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو اور پبلک افیئرز آفیسر فرخ خان نے امریکی محکمہ خارجہ کے فنڈ سے انگریزی زبان کیلئے مختصر دارانیے کی سکالر شپ حاصل کرنے والے 180 طلبہ کو خوش آمدید کہا ۔ اس پروگرام کے تحت 2004 سے اب تک پاکستان بھر میں 13 ہزار سے زائد طلبہ گریجوایشن کرچکے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ اس پروگرام کیلئے 80 ملکوں کو فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ ” انگلش اکسیس مائیکرو سکالر شپ پروگرام “ (Access) کے تحت 13 سے 20 سالہ طلبہ کو انگریزی زبان سکھانے کا کورس کرایا جاتا ہے۔ پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ نہ صرف اپنے ملک میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں بلکہ امریکہ کے ساتھ سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام میں بھی حصہ لینے کے اہل ہو جاتے ہیں۔ پروگرام کے تحت پاکستانی اور امریکی کلچر کے بارے میں بتایا جاتا ہے جبکہ طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، لیڈر شپ اور کمیونٹی سروس کے بارے میں بھی سکھایا جاتا ہے۔ امریکی سفارتخانہ اس وقت پاکستان میں ڈھائی ہزار طلبہ کو اس پروگرام میں شرکت کیلئے فنڈ کر رہا ہے۔واضح رہے کہ امریکی قونصلیٹ جنرل نے لاہور میں یہ پروگرام لاہور انسٹیٹیوٹ آف فیوچر ایجوکیشن کے اشتراک سے شروع کیا ہے۔
امریکی قونصل جنرل فیڈ کیو نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہAccess پروگرام ان کی مستقبل کی پڑھائی میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اس پروگرام کے اختتام کے بعد بھی وہ اپنی انگریزی زبان کی صلاحیتوں کو بڑھانے والے دیگر پروگرامز میں شرکت کریں ۔