اہم حلقوں نے تحریک انصاف کوخیبر اسمبلی توڑنے اور استعفے دینے سے روک دیا
لاہور (ویب ڈیسک) انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بعض اہم حلقوں نے تحریک انصاف کو شمالی وزیرستان آپریشن مکمل ہو نے اور متاثرین کی واپسی تک خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے اور استعفے دینے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں بعض ارکان قومی اسمبلی نے اعتراض کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان بھی استعفے دیں پھر ہم دیں گے جس پر انہیں بتایا گیا کہ فوجی آپریشن کے متاثرین کی بحالی اور دیکھ بھال کے تمام انتظامات صوبائی حکومت کررہی ہے اور اسمبلی تحلیل کرنے اور استعفے دینے سے ان کی دیکھ بھال اور بحال کا کام بھی متاثر ہوسکتا ہے لہذا خیبرپختونخوا اسمبلی سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کا معاملہ موخر کردیا گیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق کور کمیٹی میں بعض اہم حلقوں کی طرف سے ایک پیغام بھی دیا گیا ہے کہ آپریشن کے متاثرین کیلئے فی الحال استعفوں کا معاملہ موخر کردیا جائے جس پر کمیٹی میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا اور اسی وجہ سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ اسمبلی تحلیل نہیں کی جائےگی۔