معطل کرکٹرشاہ زیب کا نام ای سی ایل میں کیوں شامل کیا؟ ہائی کورٹ نے جواب مانگ لیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے میچ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر شاہ زیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 26 جولائی کو جواب طلب کر لیا ہے۔
چیئر مین آئی سی سی ششانک منوہر کا دورہ پاکستان منسوخ
لاہور ہائیکورٹ کے روبرو شاہ زیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میچ فکسنگ کیس متعلقہ ٹریبونل میں زیر سماعت ہے، انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10(اے )کے تحت کسی بھی شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے ،سزا کے بغیرکسی کو مجرم قرار نہیں دیا جاسکتا اور نہ ہی اس کے خلاف قانون کے برعکس کوئی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔میچ فکسنگ کیس ٹربیونل میں زیر سماعت ہونے کے باوجود پی سی بی کے ایماءپر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کردیا ہے جبکہ شاہ زیب کا نام کسی مقدمے میں شامل نہیں مگر نام ای سی ایل میں شامل کر کے باہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔شاہ زیب کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لئے انگلینڈ جانا ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے ،عدالت نے وزارت داخلہ اور پی سی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 جولائی پر ملتوی کردی ۔