میونسپل کارپوریشن کے45 برطرف ملازمین بحال ،7یوم میں 5ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کاحکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے میونسپل کارپوریشن کے45 برطرف ملازمین کوبحال کرتے ہوئے 7یوم میں 5ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کاحکم دے دیا جبکہ سیکرٹری بلدیات سمیت دیگرفریقین کوجواب کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کو دیگر درخواستوں کے ساتھ یکجا کر کے13ستمبر کو سماعت کے لئے لگانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ ریلوے میں 5بڑے افسروں کی تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
جسٹس امین الدین خان نے یہ عبوری حکم سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ و ٹاﺅن سٹاف یونین کے صدر محمد تنویر اکرم بٹ کی درخواست پرجاری کیا۔45 درخواست گزاروں کی جانب سے محمد طاہر خان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزارعرصہ دراز سے لاہور میونسپل کارپوریشن میں ڈیلی ویجز ملازمین کی حیثیت سےکام کررہے تھے لیکن حکومت نے مستقل نہیں کیا جس پر کئی ملازمین نے مستقلی کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔اسی دوران سیکرٹری بلدیات نے ان کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجس کی بناءپر انہیں ملازمت سے برطرف کردیاگیا۔ ہائیکورٹ سیکرٹری بلدیات کے ڈیلی ویجیز ملازمین کو توسیع نہ دینے کے نوٹیفکیشن کو معطل کرکے کئی ملازمین کو بحال کر چکی ہے۔محمد طاہر خان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کو بھی بحال کرکے مستقل کرنے اور گزشتہ پانچ ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔