ہائی کورٹ کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی قسمت کھل گئی ، چیف جسٹس نے مستقل کردیا

ہائی کورٹ کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی قسمت کھل گئی ، چیف جسٹس نے ...
ہائی کورٹ کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی قسمت کھل گئی ، چیف جسٹس نے مستقل کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے عدالت عالیہ میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر تعینات 111 ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ مستقل ہونے والوں میں 99 درجہ چہارم کے ملازمین جبکہ ایک نابینا ٹیلی فون آپریٹر سمیت خاتون جونیئر کلرک بھی شامل ہیں۔
پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں گزشتہ روز چیف جسٹس نے عدالت عالیہ میں تعینات کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر تعینات ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ان کی عدالت عالیہ کے لئے خدمات کر سراہا اور انہیں مستقل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے علم میں لایا گیا کہ عدالت عالیہ میں عرصہ دراز سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر ملازمین کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ایمانداری ، ادارے کے ساتھ وابستگی اور تجربے کی بنیاد پر انہیں مستقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ تمام ملازمین ادارے کا اہم حصہ ہیں جن کے بغیر عدالتیں اپنا کام پورا نہیں کر سکتیں۔ ہم سب نے عدالت عالیہ کی شان کو برقرار رکھنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کے ملازمین اپنا ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور کو ئی بھی کسی سے کمتر نہیں یا برتر نہیں ہے، ہم سب کو اپنے دائر کار میں رہ کر اپنی ذمہ داریا ں احسن طریقہ سے سر انجام دینی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی سب سے بڑی عدالت کے ذمہ دار ہیںاور ہمارااولین مقصد سائلین کو بروقت اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی ہے جس کےلئے ہم شبانہ روز کوشاں ہیں۔ اس موقع پر مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جسٹس (ر) چوہدری شاہد سعید،رجسٹرار حبیب اللہ عامر اورعدالت عالیہ کے افسران سمیت مستقل ہونے والے تمام ملازمین بھی موجود تھے۔
کنفرم ہونے والے ملازمین میں67 کنٹریکٹ ملازمین جبکہ44 ڈیلی ویجز ملازمین شامل ہیں۔جن میں کنٹریکٹ پر تعینات سکیل 14 کے دو کیئر ٹیکر، سکیل 11 کے دو پروف ریڈرز، سکیل 9 کے تین ٹیلی فون آپریٹرز، سکیل8 کے دو ٹیلی فون ٹیکنیشن، سکیل7 کا ایک ٹیکنیشن، سکیل11 کے دو جونیئر کلرک سمیت درجہ چہارم کے 4 کک، دو الیکٹریشن، دس دفتری،16 نائب قاصد، پانچ مالی، تین بیئرر،تین چوکیدار، ایک واشرمین، 6 سویپر اورپانچ فراش شامل ہیں۔ علاوہ ا زیں ڈیلی ویجز پر تعینات 12 نائب قاصد، چار دفتری، چار ٹیلی فون آپریٹر،5 فراش، دو مالی، 12 سویپر، تین ڈرائیورز، ایک جنریٹر آپریٹر اور ایک خادم مسجد کو بھی مستقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ 

مزید :

لاہور -