حساس اداروں کے باہمی رابطوں میں تیزی ،کالعدم تنظیم کا اہم عہدیدار اختر معاویہ گرفتار
لاہور(کامران مغل )کالعدم تنظیم جیش محمد لاہور ڈویژن کے صدر اختر معاویہ کوحساس اداروں کی مدد سے ساندہ سے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔جیش محمد گزشتہ 3سال سے انٹیلی جینس اداروں اورپولیس کو مطلوب تھا ،گزشتہ روز ساندہ کے علاقہ میں وہ جہادی لٹریچر تقسیم کرنے کے لئے آیا ہوا تھا،جس پر پولیس نے حساس اداروں کی معاوت سے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے اختر معاویہ نے شناختی کارڈ پر اصل نام کی بجائے جعلی نام لکھوا رکھاتھا اور شناختی پردرج رہائشی پتہ بھی غلط تھا جس کی وجہ سے اس کی گرفتاری میں مشکلات پیش آرہی تھیں تاہم قومی ایکشن پلان کمیٹی کے ممبران و حساس اداروں کی معاونت سے اسے گزشتہ روز ساندہ کے علاقہ میں جہادی لٹریچر تقسیم کرتے ہوئے گرفتار کرلیاگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی رابطوں کا موثر نظام قائم ہوچکا ہے اورگزشتہ چند ہفتوں سے ان رابطوں میں تیزی آئی ہے جس کے باعث دہشت گردوں کاگھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔