قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمیت 5اعلیٰ افسروں کی تعیناتیاں لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمیت 5اعلیٰ افسروں کی تعیناتیاں لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی ہیں۔
درخواست پی آئی اے کے لیگل ایڈوائزر ناصر میر کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاکھوں روپے تنخواہ میں بڑے عہدوں پر خلاف ضابطہ بھرتیاں کی گئی ہیں، حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوازنے سے پی آئی اے تباہی کی طرف جا رہا ہے، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضیا قادر، چیف کمرشل آفیسر بلال شیخ، چیف ہیومن ریسورس آفیسر راحیل احمد، لیگل کنسلٹنٹ احمد رﺅف اور چیف آئی ٹی آفیسر اظہر نواز کی میرٹ سے ہٹ کر بھاری تنخواہوں پر بھرتیاں کی گئی ہیں جو سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق اخبار اشتہار اور ملازمت کے قواعد و ضوابط کے بغیر سرکاری محکموں میں بھرتیاں نہیں کی جا سکتیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت 5اعلیٰ افسروں کی تعیناتیاں کالعدم کی جائیں۔