سانحہ ماڈل ٹاﺅن : رانا ثناءاللہ پر جرح ، وزیراعلیٰ کا بیان حلفی جمع نہ کرایا جاسکا
لاہور(ما نیٹر نگ ڈیسک ) سانحہ ماڈل ٹاﺅن جوڈیشل ٹریبونل میں رانا ثناءاللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ پیش ہوگئے، کمیشن کے جج علی باقر نجفی نے رانا ثناءاللہ کو جرح کیلئے چیمبر میں بلالیا، وزیراعلیٰ کا بیان حلفی جمع نہ کرایا جاسکا۔تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس کی جوڈیشل انکوائری کے لیے قائم کردہ کمیشن کے روبرو آج سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ پیش ہوئے، جسٹس علی باقر نجفی نے سابق وزیر قانون کو اپنے چیمبر میں بلا کر کیس کی ان کیمرہ جرح شروع کی۔وزیر اعلیٰ کے بیان حلفی سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف شہر سے باہر ہیں، بیان حلفی جمع کرانے میں ایک دن کی مہلت دی جائے،آئی ایس آئی نے بھی سانحہ سے متعلقہ اہم سیاسی شخصیات اور پولیس افسران کے ٹیلی فون نمبروں کی تجزیاتی رپورٹ جمع کرادی جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کیبنٹ ڈویڑن نے آئی جی کے تبادلے سے متعلق جواب جمع بھی کرادیا۔ادھر وکلاءکی جانب سے رانا ثناءاللہ پر جرح اوپن کورٹ میں کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ کمیشن نے وزیر اعلی کو اپنا بیان حلفی کل صبح 11 بجے تک جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔