گھریلو ملازمہ تشدد کیس ،نجی ٹی وی چینل نے مشہور خاتون اینکر غریدہ فاروقی کا پروگرام دو ہفتے کے لئے بند کردیا
لاہور(خالد شہزاد فاروقی)نجی ٹی وی چینل کے مشہور پروگرام کی معروف اینکر اور گھریلو ملازمہ پر تشدد کے الزام میں مقدمے کا سامنا کرنے والی خاتون صحافی غریدہ فاروقی کا پروگرام’’جی فار غریدہ ‘‘ دو ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا ،غریدہ فاروقی کو چینل سے برطرف کرنے کی دن بھر پھیلی ہوئی افواہوں کے بعد اصل حقیقت سامنے آ گئی ، چینل انتظامیہ کم سن گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس سے فراغت اور تنازعہ حل ہونے کے بعد ہی پروگرام نشر ہونے یا مستقل بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز ‘‘ کی مشہور خاتون صحافی غریدہ فاروقی جن پر ان کے گھر کام کرنے والی کم سن ملازمہ پر تشدد کرنے ،حبس بیجا میں رکھنے اور ملازمہ کے گھر والوں سے 40ہزار طلب کرنے اور دھمکانے کے الزام میں لاہور کے مقامی سیشن جج کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا تھا کے بعد نجی چینل کی انتظامیہ نے بھی سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد بڑا فیصلہ کرتے ہوئے خاتون صحافی کا مشہور پروگرام ’’جی فار غریدہ ‘‘ دو ہفتوں کے لئے بند کر دیا ہے ۔اس حوالے سے جب چینل انتظامیہ کے ایک اہم ذمہ دار سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ غریدہ فاروقی کو نوکری سے برخاست نہیں کیا گیا اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،لیکن درج مقدمے اور خاتون صحافی پر لگنے والے الزام کے بعد ضروری تھا کہ تفتیش کی شفافیت کے لئے کچھ دنوں تک مذکورہ پروگرام کو آن ائیر ہونے سے روک دیا جائے ،دوسری طرف جب اس حوالے سے غریدہ فاروقی کا موقف جاننے کے لئے موبائل پر رابطہ کیا تو ان سے بات نہ ہو سکی ۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کم سن ملازمہ سونیا کو اس کے والد منیر احمد کی درخواست پر مقامی سیشن جج کے حکم پر بیلف نے غریدہ فاروقی کے گھر سے برآمد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا ،جبکہ گھریلو ملازمہ پر تشدد اور حبس بیجا میں رکھنے کا معاملہ سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہے اور لوگ غریدہ فاروقی کے رویے بارے کھل کر تنقید کر رہے ہیں ۔