بدعنوانوں کا احتساب پوری قوم کا مطالبہ بن چکا ،ٹرین مارچ کا بھر پور استقبال کیا جائے گا :ڈاکٹر فرید پراچہ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ بدعنوانوں کا احتساب پوری قوم کا مطالبہ بن چکا ، 18کروڑ پاکستانی عوام پانامالیکس میں آنے والوں اور ملکی قرضے معاف کرانے والوں کا احتساب چاہتی ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریکہ کے سامنے پاکستان کی خود مختاری کی کوئی حیثیت نہیں ،حالیہ ڈرون حملہ اس کی واضح مثال ہے، موجودہ حکومت کے سامنے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا کوئی ہدف نہیں لیکن قوم نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، اس کے لیے ضروری ہے کہ قوم امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ان کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے کی ترقی کے لیے اہل ، ایماندار اور نڈر قیادت کو آگے لانا ہوگا جو ملک اور قوم کا درد اپنے سینے میں رکھتی ہو تب ہی ملک کو موجودہ مسائل سے چھٹکارا ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سے چلنے والے’’ کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ ‘‘کا لاہور میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی و قومی وسائل پر چند خاندانوں نے قبضہ کررکھا ہے، ملک میں اس وقت حقیقی جمہوریت نہیں بلکہ خاندانی آمریت قائم ہے قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جاری ہے، عام آدمی شدید مشکلات اور مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔