ہائی کورٹ نے صحافیوں کے خلاف جعلی خبریں شائع کرنے والے کراچی کے اخبار نویس کی درخواست ضمانت مسترد کر دی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صحافیوں کے خلاف اپنی ویب سائٹ پر جعلی خبریں لگانے والے کراچی کے اخبار نویس محمد طاہر کی درخواست ضمانت ہائی کورٹ نے منسوخ کر دی ، ملزم کیخلاف ایف آئی اے نے جعلی خبریں لگانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی جس کے خلاف محمد طاہر نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد معزز عدالت نے نہ صرف محمد طاہر کی درخواست ضمانت خارج کردی بلکہ اس کی ایف آئی آر ختم کرنے کی استدعا بھی رد کردی۔
درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد ایف آئی اے نے محمد طاہر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دئے ہیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد استغاثہ کے وکیل فہد خان ایڈوکیٹ نے روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان میں قانون کی بالا دستی کو یقینی اور زرد صحافت کے نام پر اس مقدس پیشے کو بدنام کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کا باعث ہو گا ۔دوسری طرف صحافتی حلقوں نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں سے بلیک میلنگ کلچر کے خاتمے میں مدد ملے گی۔