پنجاب کی اہم ترین شخصیت کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا منصوبہ

پنجاب کی اہم ترین شخصیت کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا منصوبہ
پنجاب کی اہم ترین شخصیت کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا منصوبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) حساس اداروں نے صوبے کی اہم ترین شخصیت، اسکے فیملی ممبرز، 4 وفاقی، 2 صوبائی وزراءاور دیگر وی وی آئی پی شخصیات، حساس اداروں، سرکاری و غیر سرکاری اہم عمارتوں، ذغیر ملکی افراد کی رہائش گاہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کیلئے قبائلی علاقوں سے 6 دہشتگردوں کی پنجاب میں داخلے کی اطلاع دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مذکورہ شخصیات اور مقامات کی سیکیورٹی سخت کرنے کیلئے مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلے کے مطابق کالعدم تنظیم ”لشکر اسلام“ جس نے اٹک میں دہشتگردی کرنے کا دعویٰ کیا ہے نے مذکورہ منصوبے کیلئے 6 دہشت گردوں کو تربیت دے کر خودکش جیکٹس، بارود، اسلحہ سے لیس کرکے پنجاب میں داخل کردیا ہے اور آنیوالے دنوں میں دہشتگردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔ روزنامہ ایکسپریس کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے پنجاب کے آر پی اوز، سی سی پی اوز، ڈی آئی جی آپریشن لاہور، ڈی پی اوز اور دیگر افسران کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے اور دہشتگردوں کے حوالے سے سرچ آپریشن کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی آریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ جات میں رہائش پذیر وی وی آئی پی شخصیات کے رہائش گاہوں اور ان کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کریں اور مزید نفری تعینات کی جائے۔ اخبار کے مطابق ان اطلاعات پر رائیونڈ اور ماڈل ٹاﺅن میں اہم ترین شخصیات کی رہائش گاہوں کی سیکیورٹی کو سخت کیا گیا ہے اور ہر آنے جانے والوں کو چیک کیا جارہا ہے۔ لاہور بھر میں سرچ آپریشن کے علاوہ مشکوک گاڑیوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر حیدر اشرف نے نے بتایا کہ تھانہ سطح کے علاوہ گشت کرنے والی تمام سرکاری گاڑیوں کو بھی اس مراسلہ کے بارے میں بتایا گیا ہے تاکہ وہ الرٹ رہیں۔ سرچ آپریشن کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز شہر کے داخلی و خارجی راستوں کا بھی وزٹ کرکے تعینات پولیس فورس کو سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

مزید :

لاہور -