اے ڈی سی قصور عامر عقیق کی 7 ساتھیوں سمیت گرفتاری,شہباز شریف حکومت کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے:رانا ثناء اللہ

اے ڈی سی قصور عامر عقیق کی 7 ساتھیوں سمیت گرفتاری,شہباز شریف حکومت کرپشن کے ...
 اے ڈی سی قصور عامر عقیق کی 7 ساتھیوں سمیت گرفتاری,شہباز شریف حکومت کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے:رانا ثناء اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ن لیگ حکومت کا چیلنج ہے کہ حکومتی سطح پر کوئی کرپشن نہیں ،صوبے کے معاملات انتہائی شفافیت اور دیانت سے چلائے جارہے ہیں، شہباز شریف حکومت کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مجرم جتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کو لیکٹر(اے ڈی سی) عامر عقیق کی 7 ساتھیوں سمیت گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے.

نجی خبر رساں ادارے ’’این این آئی ‘‘ کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ میں ڈی جی اینٹی کرپشن  پنجاب بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا کے ہمراہ   پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے  رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ نچلی سطح پر ہونے والی کرپشن خواہ وہ کوئی چھوٹا اہلکار کرے یا کوئی بڑا افسر ، اینٹی کرپشن کا محکمہ  کرپٹ عناصر کے خلاف انتہائی جانفشانی سے کام کر تارہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ شہباز شریف افسروں پر بڑا دست شفقت رکھتے ہیں ۔ ہاں وہ د ست شفقت رکھتے ہیں لیکن ان افسران پر جو امانت اور دیانت کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عامر عقیق ڈ ی ایم جی آفیسر جسے 8 مئی 2012 کو اے ڈی سی قصور تعینا ت کیا گیا ، نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے موضع لدھیکے، ضلع قصور میں 1205 کنا ل ایک مرلہ سرکاری اراضی جعلسازی سے اپنے سسرالی عزیزوں کے نام الاٹ کرائی،  اس فراڈ میں ملوث دیگرافراد میں سلمان منور منج جو کہ عامر عقیق کا برادر نسبتی ہے، کے علاوہ نائب تحصیلدار شہباز علی شاہ، گرداور عارف علی قادری، پٹواری منشی عبد الجلیل ،پٹواری پرویز احمد ، عبدالریاض خاں اور محمد اسلم خان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عامر عقیق 12 اگست 2013 تک اے ڈی سی رہا۔ اس دوران وہ مذکورہ متعلقہ اراضی حاصل کرنے کے لیے پس پردہ ریکارڈ تکمیل کراتا رہا۔ یہ تماتر کارروائیاں اس پھرتی سے کی گئیں کہ عامر عقیق کی تعیناتی کے دوران ہی تمام تر انتقالات مکمل کئے گئے۔ وزیر قانو ن رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عامر عقیق اے ڈی سی ہونے کے ناطے خود اپنے یا اپنے کسی قریبی عزیز کے نام یہ زمین نہ لگوا سکتا تھا لہذا عملہ ریونیو کی ملی بھگت سے اس نے یہ فعل سر انجام دیا۔انھوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں ایف آر آئی نمبر 10/2013 کے تحت کارروائی جاری ہے اور 2 ہفتوں کے اندر ملزمان کا چالان عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انکا محکمہ کرپشن ثابت ہونے پر ملزمان سے پلی بارگین نہیں کرتا بلکہ نقصان کی پوری ریکوری کرتے ہوئے حکومتی نقصان پور ا کرتاہے۔انھوں نے کہا کہ عامر عقیق اور اس کے ساتھیوں سے سرکاری زمین کا چپہ چپہ وصول کیا جائے گا۔

مزید :

لاہور -