معروف صحافی نجم سیٹھی پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نامزد، کمیٹی اراکین نے سمری پر دستخط کر دیئے،الیکشن کمیشن مجھ سے جو چاہے کرائے: نجم سیٹھی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف سینئر صحافی اور تجزیہ نگار نجم سیٹھی کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماءاور پارلیمانی کمیٹی کے ممبر رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔ رانا ثناءاللہ کی جانب سے اس اعلان کے بعد مشاہد اللہ خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ان کی نامزدگی کی سمری پر دستخط کر دیئے گئے ہیں اور اب یہ سمری پنجاب کےسابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو بھجوا جائے گی جو اس سمری پر دستخط کرنے کے بعد اسے پنجاب کے گورنر محمود احمد کے پاس بھجوا دی دیں گے۔ پنجاب کے وزیر قانون اور پارلیمانی کمیٹی کے ممبر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نجم سیٹھی کا کردار ہمیشہ غیر جانبدارانہ رہا ہے اور ان کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کو 11 مئی تک اپنی ”چڑیا“ قید کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کی۔ پارلیمانی کمیٹی کے رکن چودھری ظہیرالدین نے نجم سیٹھی کو نگران وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ نجم سیٹھی غیر جانبدار شخصیت ہیں جو شفاف انتخابات میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ نجم سیٹھی کے نام سے متعلق ایک دن پہلے بھی بتا سکتے تھے۔ پنجاب کے نامزد نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا کام شفاف نمائندوں کو اسمبلیوں میں لانا ہے اس لئے میری پہلی ذمہ داری الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس کے ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر فوری عمل کیا جائے گا۔ عوام کی جتنی خدمت کر سکا کروں گا لیکن پالیسی سازفیصلہ نہیں کروں گا، پالیسی بنانا نگران حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے، آئین پالیسی سازی کی اجازت نہیں دیتا، یہ اختیار منتخب نمائندوں کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام حکم دینا اور میرا کام تعمیل کرنا ہے، الیکشن کمیشن جو چاہے مجھ سے کرائے، ہدایت پر عمل نہ کیا گیا تو فوری طور پر گھر چلا جاﺅں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے تلخیاں ماضی کی بات ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مجھے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہو گی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے پاس ایک نہیں بہت سی ”چڑیاں“ ہیں جو اڑیں گی بھی اور خبریں بھی دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دوست ہی میری ”چڑیاں“ ہیں۔