عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر سی سی پی او لاہور کی تنخواہ بند کردی گئی
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج سرفراز اختر نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر سی سی پی او کی تنخواہ بند کردی عدالت نے حکم جاری کیا کہ 31مئی کو خود پیش ہوں یا ایس پی عہدے کے آفیسر کو عدالت میں پیش کریں۔ عدالت میں نواب ٹاون کے ارسلان احمد نے پولیس نواب ٹاون کے گھر میں داخل ہونے اور تشدد کا نشانہ بنانے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست دائر کی عدالت نے سماعت کے بعد ایس ایچ او نواب ٹاون کو حکم دیا کہ وہ مقدمہ درج کرے لیکن عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہ ہوا اس پر عدالت نے سی سی پی او کو حکم دیا کہ وہ عدالتی حکم پر ایس ایچ او سے عمل درآمد کرائیں لیکن عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہ ہوسکا اس پر عدالت نے سماعت کے بعد سی سی پی او کی تنخواہ بند کردی عدالت نے اپنا حکم اکاونٹنٹ کو بھجوا دیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں لکھا کہ عدالت میں 31مئی کو پیش ہوں اور بتائیں کہ عدالت کے حکم پر کیوں عمل درآمد نہیں کیا جارہا کون سی رکاوٹ ان کے راستے میں حائل ہے ،عدالت نے لکھا کہ اگر وہ عدالت میں خود پیش نہ ہوں تو ایس پی عہدے کے آفیسر کو عدالت میں وضاحت کے لیے پیش کریں۔