کسی کو غیر قانونی کام نہیں کرنے دیں گے ،ہائی کورٹ کے ایئرپورٹس نجکاری کیس میں ریمارکس
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ایئرپورٹ سمیت 3بڑے ایئرپورٹس کی نجکاری فوری روکنے کی دائردرخواست پر قرار دیا ہے کہ کسی کو غیرقانونی کام نہیں کرنے دیں گے ، عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وفاقی حکومت سے 6اپریل تک جواب طلب کر لیاہے۔
جسٹس مامون رشید شیخ نے خدائی خدمت گار سید محمود اختر نقوی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت لاہور، راولپنڈی اور کراچی ایئرپورٹ کی نجکاری کر رہی ہے، اس نجکاری کے حوالے سے سیاسی جماعتیں اور اپوزیشن الزام عائد کر رہی ہیں کہ یہ تینوں ایئرپورٹس شریف خاندان کے رشتہ میاں منیر کو بیچے جا رہے ہیں، حکومت کو قومی ادارے فروخت کرنے کی اتنی جلدی ہے کہ ایئرپورٹس کی نجکاری کے لئے ٹینڈرز بھی جاری کر دیئے ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت فوری طور پر ایئرپورٹس کی نجکاری کے ٹینڈرز پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے.
عدالت نے دوران سماعت قرار دیا کہ عدالتیں قانون کے مطابق فیصلے کرتی ہیں، کسی کو غیرقانونی کام نہیں دیں گے ، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وفاقی حکومت سے 6 اپریل تک جواب طلب کر لیاہے۔