ہائی کورٹ نے لیگی ایم این اے کے خلاف 6افراد کے قتل کا مقدمہ ری اوپن کردیا

ہائی کورٹ نے لیگی ایم این اے کے خلاف 6افراد کے قتل کا مقدمہ ری اوپن کردیا
ہائی کورٹ نے لیگی ایم این اے کے خلاف 6افراد کے قتل کا مقدمہ ری اوپن کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوص)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عبدالسمیع خان اورمسٹر جسٹس شاہد محمود عباسی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے عابد رضا سمیت 4ملزموں کے خلاف 6افراد کے قتل کا مقدمہ "ری اوپن "کردیا ہے ۔

یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر ری اوپن کیا گیا ہے ،اس سے قبل ملزموں کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ نے راضی نامہ کی بنیاد پر انہیں بری کردیا تھا ،ایک انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ملزموں کی بریت کا از خود نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کو یہ کیس دوبارہ سننے کی ہدایت کی تھی ،سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ملزموں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا ،عدالت عالیہ اس معاملے کو دیکھے کہ کیا دہشت گردی کے مقدمہ میں مقتولین کے ورثاءقاتلوں کو معاف کرسکتے ہیں اور یہ کہ کیا دہشت گردی کے مقدمہ میں صلح یا راضی نامہ کی بنیاد پر مجرموں کو بری کیا جاسکتا ہے ۔عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے اس کیس کو ری اوپن کرتے ہوئے اس کی مزید سماعت کے لئے10نومبر کی تاریخ مقررکی ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے ایم این اے عابدرضا،غلام رسول،محمدغضنفر اور نجیب اللہ پر الزام ہے کہ انہوںنے 1999ءمیںفائرنگ کرکے کانسٹیبلز جاویداقبال،میاں نصیر،مظفرعلی اور شہریوں منورحسین،غلام حبیبب اوراشتیاق کو قتل کردیاتھا،فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ افرادزخمی بھی ہوئے،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چاروں ملزموں کو چھ ،چھ مرتبہ موت کی سزاکا حکم سنا یا تھا جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کیں اور ہائی کورٹ نے صلح کی بنیاد پر انہیں بری کردیا۔عام انتخابات کے موقع پر عابد رضا کی اہلیت کا سوال اٹھایا گیا انتخابی عذرداری سپریم کورٹ میں زیرسماعت آئی تو یہ معاملہ سامنے آیا کہ عابد رضا اور دیگر ملزم صلح کی بنیاد پر بری ہوئے تھے ۔

سپریم کورٹ نے اس معاملہ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ آبزرویشن کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ کو ہدایت کی تھی کہ اس کیس کا از سر نو جائزہ لیا جائے ۔عدالت عظمیٰ کے اس حکم کی روشنی نے لاہور ہائی کورٹ نے یہ کیس ری اوپن کرتے ہوئے مزید سماعت کے لئے10نومبرکی تاریخ مقرر کردی ہے ۔عدالت نے پہلے ہی ملزموں کو نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

مزید :

لاہور -