بقایا جات کی عدم ادائیگی پر ضلع کچہری کی بجلی منقطع، لاہور بار نے ڈی سی او آفس کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دیدی

بقایا جات کی عدم ادائیگی پر ضلع کچہری کی بجلی منقطع، لاہور بار نے ڈی سی او ...
بقایا جات کی عدم ادائیگی پر ضلع کچہری کی بجلی منقطع، لاہور بار نے ڈی سی او آفس کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار/ مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 70 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر ضلع کچہری کی بجلی منقطع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو نے موقف اختیار کیا ہے کہ ضلع کچہری کو بقایا جات کی ادائیگی کیلئے متعدد نوٹس بھجوائے گئے لیکن اس کے باوجود ادائیگی نہیں کی گئی جس پر بجلی کاٹ دی گئی ہے اور بقایا جات کی ادائیگی پر ہی بجلی بحال کی جائے گی۔ دوسری جانب لاہور بار نے بجلی منقطع کئے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک بجلی بحال نہ ہوئی تو لیسکو دفاتر کا گھیراﺅ کیا جائے گا اور اگر پھر بھی ایکشن نہ لیا گیا تو ڈی سی او آفس کی بھی بجلی کاٹ دی جائے گی۔ایوان عدل کمیٹی روم میں صدر لاہور بار چودھری اشتیاق احمد خان کی زیر صدارت لاہور بار ایسوسی ایشن کی کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ کے تمام عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی اجلاس میں ضلع کچہری کی بجلی معطل کرنے پر لیسکو  کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں قرار دیا گیا کہ چیف لیسکو بجلی کی چوری پکڑنے میں ناکام رہا ہے اور اپنی اس ناکامی پر پردا ڈالنے کے لئے وہ وکلاء،ججز اور سائلین کو پریشان کر رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وکلاءجو کہ جمہوریت کی علامت ہیں قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے سرگرم عمل رہتے ہیں ان سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ عدالتوں اور وکلاءبار کی بجلی معطل کرنا کار سرکام میں مداخلت ہے انہوں نے کہا کہ اگر آج29 جولائی تک واپڈا نے معاملات درست نہ کئے تو ڈی سی او آفس کی بجلی بھی منقطع کردیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ وکلاءکمزور نہیں ہیں وہ اپنا حق لینا جانتے ہیں اور اگر حکومت نے اس پر قابو نہ پایا تو لاہور بار راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائے گی اور پھر دمادم مست قلندر ہوگی ہم احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوس بھی کریں گے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وکلاءپر لگائے جانے والے ٹیکس کے خلاف رٹ بھی دائر کی جائے گی۔

مزید :

لاہور -