مجسٹریٹ نے مہنگے ٹماٹر فروخت کرنے والے ملزم کی ضمانت منظور کر لی
لاہور ( نامہ نگار خصوصی)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے مہنگے ٹماٹر فروخت کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت منظورکرتے ہوئے تیس ہزار کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر جاوید ورک نے ملزم شہزاد حسین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹبی سٹی پولیس نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی درخواست پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے پولیس کے پاس کوئی ایسا ثبوت موجود نہیں کہ ملزم مہنگے ٹماٹر فروخت کر رہا تھا .
انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں درج کیا گیا جرم قابل ضمانت ہے لہٰذا ملزم کو ضمانت پررہا کرنے کاحکم دیا جائے، پراسکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ٹبی سٹی کے علاقے میں سو روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر فروخت کر رہا تھاجبکہ سرکاری طورپر ٹماٹروں کی قیمت پچھہتر روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، پراسکیوشن نے مزید کہا کہ ملزم شہزاد حسین نے دکان پر سرکاری نرخ نامہ بھی آویزاں نہیں کیا تھا لہٰذا ملزم کی درخواست ضمانت خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد مہنگے ٹماٹر فروخت کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت منظورکرتے ہوئے تیس ہزار کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا