سانحہ ماڈل ٹاﺅن :انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ طلب کرنے کی درخواست خارج کردی
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے استغاثے کی سماعت کے دوران ادارہ منہاج القرآن کے سانحہ کی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منگوانے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ادارہ منہاج القران کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں پرائیویٹ استغاثہ دائر کرنے کے کیس کی سماعت جاری ہے ۔عدالت میں ادارہ منہاج القرآن کے وکیل نے درخواست دی کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی جوڈیشل کمیشن رپورٹ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔اس موقع پر عدالت میں ڈپٹی پراسکیوٹرجنرل سعید شیخ نے طلب کرنے کی مخالفت کی ،عدالت نے دلائل کے بعد ادارہ منہاج القران کے وکیل کی درخواست کو مسترد کردیااوراستغاثے کی مزید سماعت 4اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔
سانحہ ماڈل ٹاون کے سلسلے میں ادارہ منہاج القران کی طرف سے اہم سیاسی شخصیات سمیت 127افراد کو ملزم نامزد کرتے ہوئے استغاثہ دائر کررکھا ہے جس کی ابتدائی سماعت کی جارہی ہے عدالت میں اب تک استغاثے میں 53 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں آئندہ تاریخ پر استغاثے کے وکلا ءاپنی گواہی ختم کرنے کے حوالے دلائل دیں گے۔