وزیر اعلی پنجاب کا شاد باغ میں ٹرک کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور اور اس کے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار ،پولیس نے فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے شادباغ کے علاقے میں ٹرک کی ٹکر سے رکشہ کا سلنڈر پھٹنے کے باعث باپ اور تین بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ وزیر اعلی نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ زخمی خواتین کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلی نے حادثہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے اور کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یاد رہے کہ آج صبح شاد باغ کے علا قہ میں رکشہ اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ڈر ائیور اپنے تین بچوں سمیت جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی والدہ اور خالہ شدید زخمی ہو گئیں تھیں ،پولیس نے فرار ہونے والے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک کو قبضہ میں لے لیا، شاد باغ میں ایک ہی گھر سے 4 جنازے اٹھنے پر پورے علاقے میں سوگ کی فضاء پھیلی ہوئی ہے ۔
بتایاگیا ہے کہ داتانگر شیر شاہ روڈ کا رہائشی خاندان رکشے میں سوار ہو کر جارہا تھاکہ شاد باغ کے علاقے عامر روڈ پر ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی اور تصادم سے رکشہ کا سلنڈر پھٹ گیا جس سے ڈرائیور اور اس کے تین بچے جھلس کر موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے ۔مرنے والوں میں رکشہ ڈرائیور مٹھو ، آٹھ سالہ فرمان ، چھ سالہ ریحان اور تین سالہ توصیف شامل ہیں جبکہ بچوں کی والدہ چالیس سالہ صائمہ اور خالہ پینتیس سالہ ثنا ء زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ثناء کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقے کی فضاء بھی سوگوار ہو گئی ۔حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تاہم پولیس نے فوری تعاقب کرکے اسے شاد باغ کے علاقہ سے ہی گرفتار کر لیا ۔