بینک آف پنجاب فراڈکیس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور شریک ملزم کی عبوری ضمانتیں منظور

بینک آف پنجاب فراڈکیس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور شریک ...
بینک آف پنجاب فراڈکیس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور شریک ملزم کی عبوری ضمانتیں منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار)بینکنگ کرائمز کورٹ نے بینک آف پنجاب سے 50لاکھ روپے کافراڈ کرنے کے مقدمہ میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور شریک ملزم عثمان عبید اللہ کی 12 فروری تک عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔اعجاز چودھری اور عثمان عبیداللہ نے رائے ونڈ روڈ پر واقع کمپنی کسان کیئر (پرائیویٹ )لمیٹڈ کے لئے بینک آف پنجاب سے37کروڑ 40 لاکھ روپے قرض لیا تھا جس کے عوض کمپنی کا سٹاک بینک کے پاس گروی رکھا گیاتھا۔بینک آف پنجاب نے ایف ائی اے میں مقدمہ درج کروایا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اعجاز چودھری اور عثمان عبیداللہ نے کمپنی کے گروی سٹاک میں سے 50لاکھ کا سامان خوردبرد کرلیا ، ملزمان نے ضمانت کے لئے بینکنگ کرائمز کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔
اس سلسلے میں وہ بینکنگ کرائمز کورٹ کے جج رانا عبدالرشید کے روبروپیش ہوئے جہاں ان کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے بینک آف پنجاب سے 50لاکھ روپے فراڈ کا جھوٹااور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے اور انہیں سیاسی انتقامی کارروائی کانشانہ بنایاجارہاہے ،وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے شامل تفتیش ہوناچاہتے ہیں تاہم خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔عدالت نے اعجاز چودھری اور شریک ملزم عثمان عبید اللہ کی جانب سے دائردرخواستوں کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے 5،5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی عبوری ضمانتیں منظورکرلیں ۔عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے ۔

مزید :

لاہور -