ود ہولڈنگ ٹیکس ، عمران خان نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کر دی

ود ہولڈنگ ٹیکس ، عمران خان نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کر دی
ود ہولڈنگ ٹیکس ، عمران خان نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کر دی ہے ۔

تاجروں سے ملاقات کے بعد عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے باعث ان کی ہڑتال میں حمایت کرتے ہیں جبکہ حکومت کو چاہیئے کہ امیر غریب ہر شخص سے آمدنی اکٹھی کریں اور سب سے ٹیکس لیں ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور حکومت تاجروں پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگا کر ظلم کر رہی ہے ۔

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ کاروائی دیکھی ہے اور اس لیے وہ یہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی اعلیٰ پیمانے کی کاروائی نہیں دیکھی ہو گی ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن نے کچھ کام ادھورا چھوڑا ہے اور اب الیکشن کمیشن کے ذمہ د اران سے دھاندلی کی وجوہات پوچھنا چاہیئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر جوڈیشل کمیشن کاروائی نہ کرتا پتا ہی نہ چلتا کہ الیکشن میں کیا ہوا تھا ۔ جب تک ہمارے ملک میں سزائیں نہیںملیں گی آئندہ بھی ایسا ہوتا رہے گا ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت نے کہا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے لیکن کسی نے ان کا ساتھ نہیں دیا ۔ اگر پہلے ہی 4 حلقے کھول دیے جاتے تو یہ نوبت نہ آتی ، ان 4 حلقوں سے انہوں نے وزیر اعظم نہیں بن جانا تھا لیکن جب تحریک انصاف کی بات نہیں سنی گئی تو انہوں نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران بھی وہ غیر آئینی تبدیلی نہیں چاہتے تھے لیکن جوڈیشل کمیشن کی کاروائی میں الیکشن کمیشن قصور وار نکل آیا یہ ان کی فتح ہے ۔ عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن پر الزام لگایا کہ کہ حکومتی جماعت امیدواروں سمیت دیگر لوگوں کو بھی خرید رہی ہے ، الیکشن کمیشن کو ان معاملات کو بھی نوٹس لینا چاہیئے ۔