ہائیکورٹ :ٹی وی چینلز پر بھارتی ڈراموں اور فلموں پر پابندی کیخلاف درخواست پر پیمرا سے جواب طلب
لاہور ( نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ٹی وی چینلز پر بھارتی ڈراموں اور فلموں پر پابندی کیخلاف درخواست پر پیمرا سے 12 اپریل تک جواب طلب کر لیا، عدالت نے پیمرا سے خلاف ورزی کرنیوالے کیبل آپریٹرز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے، چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے لیو کمیونیکشن کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے بلاجواز بھارتی ڈرامے اور فلموں دکھانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، پیمرا کیبل آپریٹرز کو بھارتی مواد دکھانے کی اجازت دیتا ہے لیکن لائسنس ہولڈرز کو نہیں، پیمرا کی طرف سے منصور اعوان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ خلاف ورزی کرنیوالے کیبل آپریٹرز کیخلاف کارروائی کرتا ہے جبکہ لائسنس ہولڈرز بھی مقررہ سے زیادہ مواد نہیں دکھا سکتے، عدالت نے مزید سماعت بارہ اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے پیمرا سے جواب طلب کر لیا اور بھارتی مواد کی نشریات دکھانے پر پابندی کیخلاف ورزی کرنیوالے کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔