عوامی تحریک نے حکمرانوں کیخلاف پورٹ جاری کر د ی
لاہور (ویب ڈیسک) عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ماہ جنوری میں ہونے والے جرائم اور حکمرانوں کی نااہلی پر عوامی تحریک کی طرف سے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری سرور کے استعفیٰ کی منظوری سے بات ختم نہیں شروع ہوئی ہے۔ طاقتور لینڈ مافیا کی سرپرستی کون کرتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ ماڈل ٹاؤن میں 100 افرا دکو گولیوں سے چھلنی اور 14 کو شہید کرنے والے سفاک حکمران کسی حد تک بھی گرسکتے ہیں۔ مقامی اخبار کے مطابق جنوری میں بھوک اور فاقوں سے تنگ آئے 200 شہریوں نے خود کشی کی۔ حکومتی داروں کے ظلم کا شکار انارکلی کے غریب مچھلی فروش ذیشان نے خود کو آگ لگائی۔ پنجاب میں 170 شہریوں کو تھانوں میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یکم جنوری سے 30 جنوری تک 3 لاکھ 7 ہزار سنگین جرائم ہوئے جن میں چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، موٹرسائیکل، کار، موبائل اور پرس چھیننے کی وارداتیں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں منصوبہ بندی کے تحت گیس، ایل پی جی اور پٹرول کے بحران پیدا کرکے صرف پنجاب کے شہریوں کی جیبوں پر 70 سے 80 ارب رپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شوگر مافیا اب چینی کا بحران پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے۔