لومیرج کرنیوالے جوڑے کی حمایت کرنے پر صحافی قتل

لومیرج کرنیوالے جوڑے کی حمایت کرنے پر صحافی قتل
لومیرج کرنیوالے جوڑے کی حمایت کرنے پر صحافی قتل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)لودھراں میں پسند کی شادی کرنے والوں کی مدد   کرنے والے صحافی کو قتل کردیا گیا،صحافی کے قتل پر صحافتی تنظیموں،لواحقین او ر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں میں لو میرج کرنے والے جوڑے کو سپورٹ کرنے والے صحافی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔36سالہ اجمل جوئیہ جو کہ گزشتہ 12سالوں سے کئی قومی اخبارات کیلئے کام کرچکے تھے کہروڑ پکا میں اپنے ایک دوست کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ راستے میں پانچ مسلح افراد نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کی زد میں آکر اجمل اور اس کا دوست شدید زخمی ہوگئے ۔اجمل کو 6جبکہ اس کے دوست کو دو گولیاں لگیں۔
مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو ڈی ایچ کیو پہنچایا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اجمل جوئیہ جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اجمل کی لاش لواحقین کے حوالے کردی۔
جوئیہ کے والد نذرمحمد کی مدعیت میں اقبال سیال،ریاض سیال،عباس سیال اوردونامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جوئیہ نے سیال فیملی کی ایک خاتون صغریٰ کی شہزاد نامی شخص سے لو میرج کو سپورٹ کیا اور ضلعی حکام کو انہیں ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ۔جوئیہ کے اس اقدام پر صغریٰ کے اہلخانہ سخت نالاں تھے اور جوئیہ کو قتل س ایک دن قبل قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
لودھراں ،وہاڑی اور ملتان کی صحافتی تنظیموں نے اجمل جوئیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔جبکہ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔جس کے بعد لودھراں میںپولیس حکام نے ملزمو ں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

مزید :

لودھراں -