گھریلو جھگڑا کردار پر شک ، شوہر نے بیوی کی ٹانگ کاٹ دی دوسری ٹانگ بازو کاٹنے میں ناکام

گھریلو جھگڑا کردار پر شک ، شوہر نے بیوی کی ٹانگ کاٹ دی دوسری ٹانگ بازو کاٹنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لودھراں(ویب ڈیسک) گھریلو جھگڑا یا کردار پر شک‘ شوہر نے بیوی کی ایک ٹانگ کاٹ دی ‘ دوسری ٹانگ اور ایک ہاتھ کاٹنے میں ناکام رہا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس تھانہ گیلے وال کو یاسین ولد اللہ وسایا نے بیان دیا کہ وہ اپنی چچا زاد بہن شمشاد بی بی کے گھر اس کی بچی کے رشتہ کیلئے 2 رشتہ داروں کے ہمراہ گیا اور شمشاد سمیت اس کے شوہر فدا حسین سے بات چیت کر کے سو گئے۔ رات کے 11 بجے اچانک شمشاد کے چیخنے کی آواز پر صحن سے کمرے کی طرف بھاگے تو دیکھا کہ شمشاد کو اس کے شوہر نے زمین پر لٹا کر ایک پاﺅں درانتی سے کاٹ کر علیحدہ کر دیا تھا اور دوسرے پاﺅں کو کاٹنے کیلئے ضربات لگا رہا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے فدا حسین نے شمشاد کے پاﺅں اور ہاتھوں پر بھی وار کئے۔ ہم نے پکڑ نے کی کوشش کی تو ملزم آلہ ضرب سمیت فرا ر ہو گیا۔ ہم نے مضروبہ کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا۔ پولیس تھانہ گیلے وال کے مطابق بستی محمود آباد کی رہائشی شمشاد بی بی 4 بچوں کی ماں ہے اور اس کی عمر 40 سے 45 سال ہے۔

پولیس کے مطابق مضروبہ کے ابتدائی بیانات میں شوہر کے اس بہیمانہ عمل کے پس منظر میں گھریلو جھگڑا سامنے آیا ہے تاہم پولیس نے شمشاد کے چچا زاد بھائی یاسین کے بیان پر فدا حسین کے خلاف ارادہ قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار بھی کر لیا۔ ذرائع کے مطابق شمشاد بی بی اور فدا حسین کی ایک بیٹی کی عیدالفطر کے بعد شادی بھی طے ہے۔ پولیس ملزم کے اس پرتشدد فعل کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ لودھراں سے نامہ نگار کے مطابق خاتون کو تشویشناک حالت میں بہاول پور ریفر کر دیا گیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں بعد ہماری بیٹی کی شادی ہے اور جہیز کیلئے رقم مانگی جس پر ہمارے درمیان جھگڑا ہوا جبکہ ذرائع کے مطابق فدا حسین کو بیوی کے کردار پر شک تھا۔

مزید :

لودھراں -