یہ وقت آئی ڈی پیز کی خدمت اور مدد کا ہے انتشار کی سیاست کا نہیں، راشدہ یعقوب
لاہور(جنرل رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ یہ وقت آئی ڈی پیز کی خدمت اوران کی بھرپور مدد کا ہے ناکہ انتشار کی سیاست کا ہے۔ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہاہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاجی سیاست کسی صورت مناسب نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کامتحمل ہو سکتاہے کیونکہ یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے ۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اورعوام مشکل میں گھرے شمالی وزیرستان کے متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔بے گھر ہونیوالے خاندان پاکستان کے امن کے لئے مشکلات برداشت کررہے ہیں ۔وطن عزیز کے استحکام اور امن کیلئے قربانی دینے والے متاثرہ خاندانوں کی مدد ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔ مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔متاثرین کی مدد کرنے والے اللہ تعالیٰ کی رضا، خوشنودی اور ثواب حاصل کررہے ہیں ۔ہجرت پر مجبورہونے والے آنے والی نسلوں کے محفوظ اور درخشندہ مستقبل کی خاطرقربانی دے رہے ہیں ۔ صاحب ثروت اور مخیر حضرات آئی ڈی پیز کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں اور ان کی بحالی و مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔