یوتھ فورم فار کشمیرکے زیر اہتمام یوم دفاع کے حوالے سے ریلی کا انعقاد
لاہور( پ ر)یوتھ فورم فار کشمیرلاہور کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقعہ پر ایوان کشمیر سے لاہور پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی،ریلی میں یوتھ فورم فار کشمیر کے کارکنوں نے 1965کی جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے پر اور پاکستان کی جیت پر فتح کا نشان بنایا۔ ریلی سے مختلف شعبہ ہائے زندگی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کیا،اس موقعہ پر مادر وطن کی حفاظت اور آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دینے والے پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے 1965کی جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو عبرت کا نشان بنا دینگے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتیں اور آج ہم اپنے مادر وطن کی حفاظت کے لئے بہادر ی اور جوان مردی سے دس گنا بڑے دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے وطن کے شہیدوں اور غازیوں کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا پیارا وطن اور ایک عظیم ملک عطیہ خداوندی ہے ،اس کی حفاظت ہر پاکستانی پر فرض بھی ہے اور قرض بھی۔
ہمارے بہادر فوجی سپوتوں نے 1965اور 1971میں بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا تھا اور اپنی دھرتی کے چپہ چپہ کی حفاظت کی انشاء اللہ ،وطن کو جب بھی ضرورت پڑی ہماری بہادر مسلح افواج اور پوری قوم وطن کی حفاظت اور آبرو کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن جائیگی۔انشاء اللہ پاکستان بھی قائم رہے گا اور جلد کشمیر بھی بھارتی تسلط سے آزاد کروا ئیں گے۔