اقبال ایک عظیم المرتبت مفکر اور عظیم عاشق رسول ﷺ تھے ،حافظ محمد مسعود

میٹروپولیٹن 1

لاہور (نمائندہ خصوصی)مصطفائی تحریک ضلع لاہور کے صدر صاحبزادہ حافظ محمد مسعود احمد سیالوی نے کہا کہ اقبال ایک رومانوی قسم کے شاعر نہیں تھے بلکہ وہ ایک عظیم المرتبت مفکر ،بلند پایۂ فلسفی، مدبر اور عظیم عاشق رسول ﷺ تھے ، جنہوں نے خوابیدہ امت مسلمہ کو اتحاد اور وابستگ�ئ ذات رسالتمآب کا درس دیا، عشق رسول ، صحابہ کرام سے محبت ان کی شاعری کا جزو اعظم تھا اور عشق نبوی کی آگ نے غیر محبوب کے سارے تصورات کو جلا کر خاکستر کر دیا گیا تھا۔علامہ اقبال ایسے شاعر تھے جن کے ہاں ادب وسیع تر اسلامی اور سماجی مقاصد کی تکمیل کا مستحکم ذریعہ تھا۔ علامہ اقبال ؒ اسلامی وملی درد رکھنے والے ، قومی غیرت و حمیت سے سرشار سچے اور پکے مسلمان بھی تھے۔ انھوں نے امت مسلمہ کے اجتماعی شعور کو بیدار کرنے ، انھیں فراموش شدہ ماضی کی یاد دہانی کرانے اور انھیں خیر امم کے مطلوبہ منصب پر لاکھڑا کرنے کے لیے پیمبرانہ مقاصد کے تحت شاعری کے ہتھیار سے کام لیا۔ کانفرنس میں قرارداد پیش کی گئی کہ علامہ اقبال ؒ کے نظریات پر مبنی مضامین ہر سطح کی نصابی کتب میں لازماً شامل کیا جائے تاکہ دو قومی نظریہ کے متعلق عوام کے اذہان میں بعض نام نہاد مفکرین کی جانب سے ڈالے جانے والے شکوک و شبھات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔علامہ اقبال ؒ کے نظریات کی روشنی میں مصطفائی معاشرے کی تشکیل مصطفائی تحریک کا مشن ہے ۔