یوتھ فورم فار کشمیر کی انسانی حقوق کے عالمی دن پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف ریلی
لاہور(پ ر)یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلہ میں چیف آرگنائزر طارق احسان غوری کی زیرقیادت بھارت کی جانب سے کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کے خلاف ایوان اقبال تا لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ 10دسمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔مگر افسوس کہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی درندگی،سفاکیت،بربریت اورظلم و ستم کو روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔بھارتی درندوں نے آزادی پسند کشمیریوں پرتشددکی انتہا کر رکھی ہے۔بے گناہوں کے خون سے وادی کشمیر رنگین ہے جبکہ یتیم بچوں اور بیواؤں کی سسکیاں کشمیر کی فضاؤں میں ہر طرف سنائی دیتی ہیں افسوس کہ عالمی امن کے ٹھیکیداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔