جنرل ہسپتال نرسنگ سکول کا رزلٹ 100فیصد آنے پر اسماء کنول شہید ایوارڈ کا اجراء

جنرل ہسپتال نرسنگ سکول کا رزلٹ 100فیصد آنے پر اسماء کنول شہید ایوارڈ کا اجراء

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے نرسنگ سکول کی طالبات کا رزلٹ حسب سابق 100فیصد آنے پر اسماء کنول شہید ایوارڈ کا اجراء کردیا جو شہید کی کلاس سیکنڈ ایئر کی طالبہ شہر بانو کو نرسنگ بورڈ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن اور سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دیا جائے گا۔اس امر کا اعلان پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ سکول لاہو رجنرل ہسپتال کی طالبات نے رواں سال بھی بورڈ امتحانات میں 100فیصد کامیابی سے نہ صرف ادارے بلکہ اپنے اساتذہ کا نام بھی روشن کیا ہے۔ لہذا جلد ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں سکول میں اول دوئم اور سوئم آنے والی طالبات کو بھی اعزازات سے نوازا جائے گا جبکہ شہر بانو کو بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر اس کی شہید کلاس فیلو اسماء کنول کے نام سے شروع کیا جانے والا گولڈ میڈل دیا جائے گا۔ بلاشبہ نرسنگ سکول کی یہ کامیابی پرنسپل رئیسہ اشتیاق اور اساتذہ جن میں عذرہ پروین، عذر ہ سلطانہ، رقیہ بانو کی محنت، لگن کا صلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسماء کنول نے دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کرکے ایک ایسی روشن مثال قائم کی جس کی کرنوں سے اس شعبے میں آنے والی آئندہ نسلیں بھی فیض اور نور حاصل کرتی رہیں گی۔اسماء کنول میڈل کا اجراء درحقیقت شہید نرس کی یاد ہمیشہ کے لیے ہمارے دلوں میں تازہ کرنے اور اس کا نام تاریخ میں رقم کرنے کی غرض سے کیا جارہا ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ اس شعبہ سے وابستہ دیگر نرسیں بھی اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ بلاشبہ انسانیت کی خدمت اور تعظیم کے حوالے سے سب سے اوپر ہے۔ نرسنگ انسانی روپ میں فرشتوں کا کردار ادا کرتی ہے۔ معاشرے میں دیکھا گیا ہے کہ جن کو اپنے بھی برداشت نہیں کرتے ان کی خدمت کے لیے نرسیں پیش پیش دکھائی دیتی ہیں اور اپنے فرائض نہایت دلجمعی ، بردباری اور خوش اسلوبی سے سرانجام دینے میں نرسوں کا کوئی ثانی نہیں ہے۔موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس پیشے کی نیک نامی کے لیے مزید بہتر سے بہترین کام کریں اور اپنی محنت، لگن، ایمانداری سے انسانیت کی خدمت سے سچے اور سُچے جذبوں کو سینچنے کا کام آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ طب کا میدان ایک ایسا شعبہ ہے جسے آئے روز نت نئے چیلنجز کا سامنا رہتا ہے اور یہی اس شعبے کی ترقی اورآگے بڑھنے کا سبب بنتے ہیں۔ چند سال پہلے ڈینگی نے ہمارے عظم و ہمت اور صلاحیتوں کا امتحان لیا جس میں الحمداللہ ہم وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں کام کرتے ہوئے کامیاب ہوئے اور اسی دوران ہم سے اسماء کنول جیسی شخصیت بھی جدا ہوگئی ۔ اسماء کنول نے اپنی قربانی سے نرسنگ کے شعبے کو ایک نئی پہچان دی ہے اب یہ آپ سب کا فرض ہے کہ اس شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے نہ صرف اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو ہر صورت پہلے سے بہتر انداز میں بروئے کار لائیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ملک و قوم نے جو توقعات آپ سے وابستہ کررکھی ہیں ان پر بھی بہترین انداز میں عہدہ برآں ہوں۔