حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو موت کے دہانے پر کھڑا کر دیا

حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو موت کے دہانے پر کھڑا کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس ر پو ر ٹر)صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت آج موت کے دہانے پر کھڑی ہے۔ کاروبار مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ وِد ہولڈنگ جیسے کالے قانون نے جہاں تاجروں میں حکومت کے بارے میں عدم اعتماد کی فضا پیدا کی ہے وہاں بینکوں کا بھی دیوالیہ نکلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے وہ آج یہاں لاہور اوردیگر شہروں سے آئے ہوئے تاجر رہنماؤں سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے ایک بار پھر بارآور کروایا کہ حکومت وِد ہولڈنگ ٹیکس فوری ختم کرنے کا اعلان کرے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف معاشی بدحالی پیداہو گئی ہے بلکہ تجارت میں لین دین کے نظام کو بھی شدید دھچکا لگا ہے۔ وِد ہولڈنگ ٹیکس نے تاجروں میں شدید تشویش پیدا کر رکھی ہے۔ چیک تو ایک امانت ہوتا ہے اُس پر ٹیکس لگانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ وِدہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر میدان میں آچکے ہیں جس کی مثال حالیہ دنوں میں فیصل آباد اور دیگر شہروں میں تاجروں کے اکٹھ ہیں ۔ ہم ایک بار پھر کہتے ہیں کہ حکومت اس ٹیکس کو فی الفور واپس لے بصورتِ دیگر تاجر راست اقدام پر مجبورہو جائیں گے۔ وِد ہولڈنگ ٹیکس کو ختم کروانے کے لیے تاجر آخری حد تک جائیں گے۔ اس کے لیے احتجاج،ہڑتال،سڑکوں پر دمادم مست قلندر کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔