شریعت کا نفاذ ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے،راشد نسیم
لاہور( وقائع نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ2018انتخابات کا سال ہے اور تما م سیاسی جماعتیں انتخابی تیاریوں میں مصروف ہیں مگرنام نہاد سیکولر اور لبرل ابھی سے ان انتخابات کو ہائی جیک کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے پرفریب نعرے دیئے جارہے ہیں۔ شریعت کا نفاذ ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ عام آدمی کو بھی حکمرانوں کے برابر حقوق مل سکیں اور کوئی بڑے سے بڑا حکومتی عہدیدار بھی اپنے اختیارات کا ناجائزہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بر سر اقتدار آتے ہی کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اب قومی خزانہ ان کی دسترس میں ہے جیسے چاہیں خرچ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا روٹی کپڑا اور مکان ،مسلم لیگ کا خوشحالی اورایم کیو ایم کا مہاجر قومیت کا نعرہ پٹ چکا ہے۔عوام اب ان کھوکھلے نعروں کے چنگل میں پھنسنے والے نہیں۔ عوام نے بار بار ان پر فریب نعروں پر ووٹ دیئے مگر ان کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہے اور آج حالت یہ ہے کہ عوام سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں اور انہیں سیاست دھوکے اور فریب کا کھیل نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ حق و صداقت اور امانت و دیانت کی سیاست کی ہے آج بھی عوام کے سامنے سرخروہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات کے سامنے سر تسلیم خم کردینے میں ہی عافیت اور امن و سکون ہے ،اسلام کے علاوہ کوئی دوسرانظام انسانیت کو امن و سکون اور اجتماعی عدل نہیں دے سکتا۔راشد نسیم نے کہا کہ ٹرمپ کا انتخاب کرکے امریکی عوام نے اپنے پیٹ میں چھرا گھونپ لیاہے اور امریکہ اور یورپ میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف لاکھوں لوگ سراپا احتجاج ہیں ،ٹرمپ کا خیال تھا کہ اسلام دشمن پالیسیوں سے امریکہ و یورپ کے عوام اس کو ہیرو تسلیم کرلیں گے مگر اللہ تعالیٰ نے اسلام اور مسلمانوں کی دشمنی کو اس کیلئے ذلت کا سبب بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا میں غالب ہونے کیلئے آیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسلام کے غلبے کے آثار پیدا کردیئے ہیں کہ مغرب اور یورپ کے مسیحی اور یہودی بھی ٹرمپ کے خلاف اور مسلمانوں کے حق میں مظاہرے کررہے ہیں۔