شہریوں کی شکایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرایل ڈی اے ون ونڈو سیل معطل
لاہور (سٹی رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید نے ون ونڈو سیل پر تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ فور رانا احمد ابوبکرکی عدم دستیابی اور فرائض میں غفلت برتنے کے بارے میں شہریوں کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے۔ یہ احکامات انہوں نے گز شتہ روز ون ونڈو سیل کے معائنے کے دوران جاری کئے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کی درخواستوں کو تاخیر یا التوا میں ڈالنے اور بے جا اعتراضات لگانے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں روزانہ ون ونڈو سیل کا اچانک معائنہ کر رہے ہیں۔