بھکاریوں ، گرانفرشوں اور تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن ، 115پکڑے گئے
لاہور( جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت بھکاریوں،گرانفروشوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن جاری ۔ضلعی انتظامیہ کے سپیشل سکواڈز نے بھیکے وال موڑ، اچھرہ، مزنگ، مو لانا شوکت علی روڈ،جناح ہسپتال،مین مارکیٹ،بر کت مارکیٹ، اکبر چوک، مال روڈ،لبرٹی مارکیٹ اورکیولری گراؤنڈ میں کارروائی کر تے ہوئے 51بھکاریوں کو پکڑ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑے جا نے والے بھکاریوں کورائے ونڈ ہوم ،سبحانی ہوم اور ایدھی سنٹر بھیج دیا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے664مقامات پر چھاپے مارے اور گرانفروشی کرنے پر20دکانداروں کے چالان کیے جبکہ25,900روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ،36 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طور پر64افراد کو گرفتار کروایا گیا جن میں سے10افراد کو موقع پر سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کے سپیشل اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے ماڈل ٹاؤن سوسائٹی اور اس سے ملحقہ علا قوں میں غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ضلعی انتظامیہ کے سپیشل سکواڈ نے کارروائی کر تے ہوئے ماڈل ٹاؤن سوسائٹی اور اس سے ملحقہ علا قوں سے غیر قا نونی طور پر قائم تجاوزات کو ختم کروا کر 2ٹرک سامان قبضہ میں لے لیا۔