بی اے، ایم اے کی ڈگری چار سالہ کرنے کے احکامات تعلیم دشمن اقدام ہے،اکرم رضوی


لاہور(خبرنگار) انجمن طلباء اسلام پنجاب کے سیکریڑی اطلاعات پنجاب محمد اکرم رضوی نے وفاقی ہائر ایجوکشن کمیشن کی جانب سے بی اے، ایم اے کے دوسالہ ڈگریوں کو چار سالہ کرنے کے احکامات کو تعلیم دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی ایچ ای سی کااقدام قانون سے متصادم اور قواعدو ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔پنجاب کے طلباء تعلیم دشمن اقدام کسی صورت نہ قبول کریں اور نہ اس کا نفاذہونے دیں ۔ حکومتی سر پرستی میں وفاقی ایج ای سی طلباء برادری کا تعلیمی استحصال کا سلسلہ بند کرے ورنہ اے ٹی آئی ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی ۔وفاقی ایج ای سی طلباء کو نئے مواقع فراہم کرنے کی بجائے انکے تعلیمی قتل عام پر اتر آئی ہے ۔وفاقی ایج سی ہوش کے ناخن لے اور تعلیم دشمن اقدام سے باز آجائے ۔ظالمانہ فیصلے سے غریب طلباء پر تعلیم کے دروازے بند ہو جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی ایج ای سی اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں میں مداخلت کا حق نہیں رکھتی ۔پہلے ہی طلباء کیلئے اعلی تعلیم کا حصول 8فیصدہے جبکہ ایک سازش کے تحت نسل نوکو اعلی تعلیم اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی سے دور رکھنے کیلئے ایسے شرمناک اقدام کیے جا رہے ہیں ۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکشن کمیشن سید رضا علی گیلانی اور چےئرمین پنجاب ہائر ایجوکشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین وفاقی ایج ای سی کا ظالمانہ فیصلہ ماننے سے انکار کردیں اور حق کا علم بلند کرتے ہوئے لاکھوں طلباء کے روشن مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں