معروف صحافی شیخ منصور طیب کی رسم چہلم میں اہم شخصیات کی شرکت


لاہور(سٹاف رپورٹر) معروف صحافی ،کالم نگار اور روزنامہ پاکستان کے نمائندہ خصوصی شیخ منصور طیب کی رسم چہلم گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ واقع جوہر ٹاؤن میں ادا کی گئی جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ،فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی ۔معروف عالم دین مولانا تخلیق الرحمان عاجز نے دعا کروائی اور اپنے مختصر خطاب میں موت و حیات کے فلسفے پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ شیخ منصور طیب مرحوم نے اپنی ساری زندگی اطاعت خدا اور رسول ؐمیں بسر کی اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائے رکھا ۔مرحوم کے عزیز و اقارب اور رفقائے کار نے ان کی صحافتی خدمات کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شیخ منصور طیب مرحوم قلم کے ذریعے جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے اور عمر بھر ریاستی جبر و تشدد کے سامنے سینہ سپر رہے ۔مرحوم کی رسم چہلم میں روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمٰن شامی ، بزرگ صحافی سید انوار قمر ،مرحوم کے فرزندان حیدر فرید،ہارون فرید اور دیگر عزیز و اقارب شریک ہوئے۔