یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کیخلاف احتجاجی ریلی


لاہور(پ ر)یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کیخلاف ایوان کشمیر سے گلبرگ لبرٹی چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی،ریلی میں دینی سماجی،سیاسی اور سول سوسا ئٹی کی تنظیموں کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی اور کنٹرول لائن پر کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے بلا جواز فائرنگ اور اس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا ،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو غلام بنا کر رکھنے کیلئے دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں چونکہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی برادری کو کشمیر میں رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں اس بنا پر بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے ،طارق احسان غوری نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کنٹرول لائن پر بھارتی مسلح افواج کی بلا جواز فائرنگ کا نوٹس لے اور کشمیری عوام سے کئے گئے حق خود ارادیت کے وعدہ کو پورا کرنے کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔